پشاور : ( دنیا نیوز ) پشاور کے سربند پولیس سٹیشن پر دہشت گردوں کے حملے میں ڈی ایس پی سمیت تین اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔
پشاور پولیس کے مطابق دہشتگردوں نے تھانے پر اچانک حملہ کردیا، دہشتگردوں نے حملے میں لانگ رینج رائفل اور دستی بم بھی استعمال کیے۔
پولیس نے بتایا کہ حملے اور فائرنگ کے تبادلے کے دوران ڈی ایس پی سردار حسین اور دو اہلکار ارشاد اور جہانزیب شہید ہوگئے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ واقعے کے فوری بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا۔
دوسری جانب دہشت گردوں کے حملے میں شہید پولیس اہلکاروں کی نمازجنازہ سینٹرل پولیس لائن میں ادا کر دی گئی۔
گورنر حاجی غلام علی، آئی جی پی معظم جاہ انصاری، صوبائی وزیرشوکت یوسفزئی، آئی جی ایف سی، چیف سیکرٹری، ڈپٹی کمشنر پشاور اور دیگر بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئے۔
اس موقع پر پولیس کے دستے نے شہداء کے جسد خاکی کو سلامی دی۔