اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کراچی اور حیدرآباد کے عوام سے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کراچی اور حیدر آباد کی عوام انتخابات میں حصہ لے کر جمہوریت پر اعتماد کا بھر پور اظہار کریں۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل میں مداخلت اور شر پسندی سے سختی سے نمٹنے کو یقینی بنائیں گے، امن و امان قائم کرنے والے تمام ادارے کراچی و حیدرآباد کی عوام کے اعتماد پر ضرور پورا اتریں گے۔
دوسری جانب سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں مرکزی کنٹرول روم کام کر رہے ہیں، پولنگ کے دوران کسی بھی قسم کی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن کیا جائے گا۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنا آئینی حق استعمال کر رہا ہے۔