کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے ووٹ کاسٹ کر دیا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے پولنگ سٹیشن ایلیمنٹری گورنمنٹ گرلز سکول میں ووٹ کاسٹ کیا، حافظ نعیم یو سی 8 نارتھ ناظم آباد ٹاؤن سے چیئرمین کے امیدوار ہیں۔
ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم والے رات گئے الیکشن سے بھاگ گئے، ایم کیو ایم میں جان ہوتی تو وہ بائیکاٹ نہ کرتے بلکہ ہمارا مقابلہ کرتے، سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے کئی سال تک بلدیاتی الیکشن نہیں ہونے دیئے، کراچی والے گھر سے نکلیں اور ووٹ کاسٹ کریں۔
انہوں نے کہا کہ اطلاعات موصول رہی ہیں کہ بہت سے جگہوں پر عملہ وقت پر نہیں پہنچا، انہوں نے انتظامات ٹھیک نہیں کئے، جمہوریت دشمن اور لوگوں کو حق رائے دہی سے محروم کرنے والے ناکام ہو رہے ہیں، بعض علاقوں میں کچھ عناصر آبادیوں میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر امن و امان کی صورتحال بہتر ہے، بعض مقامات پر سازش کر کے کیمپوں کو جلایا گیا تاکہ عوام رک جائیں، اگر ایم کیو ایم نے عوام کے لئے کچھ کیا ہوتا تو آج الیکشن میں حصہ لیتے، جماعت اسلامی نے ایم کیو ایم کا تعاقب کیا اور ان کو کہیں کا نہیں چھوڑا۔