لاہور: (دنیا نیوز) سابق صدر آصف زرداری سے مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین نے ملاقات کی ہے۔
بلاول ہاؤس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی، اس موقع پر مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری شافع حسین اور وفاقی وزیر چودھری سالک حسین بھی موجود تھے۔
ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس دوران پنجاب کے عام انتخابات اور دیگر سیاسی صورتحال بھی زیر غور آئی، اپنی گفتگو میں دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کو اس وقت سنگین معاشی چیلنجز کا سامنا ہے۔
اس موقع پر پارٹی سربراہوں نے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو مل کر پاکستان کے معاشی حالات کو کنٹرول کرنا ہے، پاکستان کی معیشت مضبوط ہوگی تو سیاست بھی ہوگی۔