پشاور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں آر اوز نے ہمارا منڈیٹ واپس نہ کیا تو پورے پاکستان کو جام کر سکتے ہیں۔
پشاور میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنے منڈیٹ کی چوری کبھی برداشت نہیں کرے گی، ہمارے علاوہ ملک کی تمام سیاسی جماعتیں حکومتوں میں ہیں، آج پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کی وجہ سے عوام آٹے کیلئے قطاروں میں کھڑے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مزید کہا کہ جب بھی تاریخ دوں گا سب نےاسلام آباد پہنچنا ہے، کارکن میرے اگلے اعلان کا انتظار کریں، امید ہے پیپلز پارٹی اور آصف زرداری کراچی کے عوام کا فیصلہ قبول کریں گے۔
انہوں نے کہا سیلاب کے دوران سرکاری اہلکار اور وزراء کو نہیں دیکھا صرف الخدمت کا رضا کار نظر آیا، وزیراعظم نے 70 ارب کا اعلان کیا مگر کسی کو نہیں ملا، چیف جسٹس ایک سوموٹو ایکشن اس پر بھی لیں کہ اعلان کردہ فنڈز کہاں گیا۔
سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہے کہ قوم کی خاطر 10 لاکھ رضا کار تیار کریں گے، حکومت نے بروقت سیلاب متاثرین کو امداد نہیں پہنچائی، حکومت ہمیشہ مشکل وقت میں امریکا کی طرف دیکھتی ہے۔