کوئٹہ: (دنیا نیوز) بارش اور برف باری کا سبب بننے والی مغربی ہوائیں شمالی بلوچستان میں داخل ہوگئیں جبکہ بلوچستان میں آج سے بارشوں اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج اور جمعرات کو بلوچستان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کردی جبکہ محکمہ پی ڈی ایم اے نے بارش اور برفباری کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر کو الرٹ رہنے کا مراسلہ جاری کر دیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 18 اور 19 جنوری تک بلوچستان کے مختلف اضلاع کوئٹہ، ژوب، بارکھان، زیارت، چمن، پشین، نوکنڈی، دالبندین، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ ، مسلم باغ ، قلات، خضدار، تربت، پنجگور اور مکران کے ساحلی علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے جبکہ چند مقامات پر تیز بارش بھی ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب محکمہ پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو مطلع کیا ہے کہ وہ آئندہ 2 روز تک غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔