بلوچستان میں ممکنہ بارش اور برفباری، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

Published On 17 January,2023 08:00 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان میں ممکنہ بارش اور برفباری کے پیش نظر محکمہ پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا، تمام مشینری قومی شاہراہوں پر پہنچا دی گئی۔

صوبائی وزیر پی ڈی ایم اے میر ضیاء لانگو نے کہا کہ ممکنہ بارشوں اور برفباری کے باعث طغیانی کے خدشے کے پیش نظر ٹیمیں ہائی الرٹ رہیں، متوقع بارش اور برفباری کے موقع پر کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی، پاک فوج، محکمہ صحت، موٹر وے پولیس، تمام اضلاع کی انتظامیہ آن بورڈ ہے۔

ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے نصیر ناصر نے بتایا کہ متوقع بارشوں اور برفباری سے متاثرہ علاقوں میں مشینری اور ریسکیو عملہ موجود ہے، شاہراہوں کی ممکنہ بندش اور ہنگامی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے زیارت کے تمام سرکاری ریسٹ ہاؤسز کو خالی کرانے کے لئے احکامات جاری کر دیئے ہیں، تمام تر انتظامات مکمل اور قومی شاہراہوں پر ٹریفک بحال رکھنے ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔

ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے عطاء اللہ مینگل نے کہا کہ کان مہترزئی میں پی ڈی ایم اے ویلیج فعال اور گرم ملبوسات پہنچا دیئے گئے ہیں، پی ڈی ایم اے کنٹرول روم فعال اور تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سے مکمل رابطے میں ہیں، شہری آئندہ 2 روز تک غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
 

Advertisement