کوئٹہ،سوات: (دنیا نیوز) ملک بھر سردی کی لہر میں اضافہ ہو گیا ہے، سوات اور ستور میں برف باری جاری ہے ضلع دیامر میں برف باری سے نظام زندگی مفلوج ہوگیا جبکہ بلوچستان کے 13 اضلاع میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
بلوچستان کے محکمہ پی ڈی ایم اے نے صوبے کے 13 اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق 10 جنوری کی رات سے بلوچستان کے 13 اضلاع میں بارشیں اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نصیر خان ناصر کی جانب سے جاری مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ 10 جنوری کی رات شمالی بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق اس موسمی نظام کے زیر اثر ہونے سے کوئٹہ، ژوب، بارکان، زیارت، نوکنڈی، دالبندین، قلات، مستونگ، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، چمن، پشین، مسلم باغ اور ملحقہ علاقوں میں بارش اور برفباری متوقع ہے جبکہ 11 اور 12 جنوری کو مکران کے ساحل پر ہلکی بارش بھی متوقع ہے۔
مراسلے کے مطابق 10 اور 11 جنوری کو دن کا درجہ حرارت 5 سے 7 ڈگری گرنے کا امکان ہے جبکہ برف باری پہاڑی علاقوں میں عام گاڑیوں کی آمد و رفت میں خلل ڈال سکتی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے اپیل کی ہے کہ شہری پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے خطرناک مقامات پر بھاری مشینری کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔
دوسری جانب برف باری کے باعث شاردہ سے تاؤ بٹ تک شاہراہ نیلم بند ہو گئی، صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ (پی ڈی ایم اے) نے بدھ سے جمعہ کے دوران بارش اور برف باری کی پیشگوئی کا الرٹ بھی جاری کیا ہے۔
13 جنوری سے کراچی میں بھی سردی بڑھنے کا امکان ہے، کراچی میں 14 سے 17 جنوری کے دوران رات کا درجہ حرارت سنگل ڈیجٹ تک گرنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔