لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر ہوابازی و ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ریلوے ٹریک پر انجینئرنگ رکاوٹیں ہٹانے کے لیے ایکشن پلان طلب کر لیا۔
وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے زیر صدارت وزارت ریلوے میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ریلوے کے پانچ سالہ بزنس پلان کا بھی جائزہ لیا گیا، بزنس پلان کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں پیش کیا جائے گا۔
سیکرٹری ریلوے ظفر زمان رانجھا آج سرکاری ملازمت سے ریٹائر ہو گئے جس پر وزیر ریلوے نے ظفر زمان رانجھا سیکرٹری اورچیئرمین ریلوے کی شاندار خدمات کو سراہا۔
وزرات ریلوے کے مطابق اجلاس میں گوادر میں پاکستان ریلوے کے دفتر کے قیام کے حوالے سے پیش رفت پر بھی بات چیت ہوئی، حکام نے وزیر ریلوے کو بتایا کہ انجینئرنگ رکاوٹیں ہٹانے سے سروس کی فراہمی میں تاخیر ہوتی ہے، جس پر خواجہ سعد رفیق نے ایکشن پلان طلب کر لیا۔