اسلام آباد: (دنیا نیوز) توشہ خانہ کیس میں عمران خان نے الیکشن کمیشن سے نااہلی کے فیصلے کے خلاف دائر پٹیشن واپس لینے کی درخواست دائر کر دی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے بیرسٹر علی ظفر کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے، درخواست میں استدعا کی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے توشہ خانہ فیصلے کے خلاف پٹیشن میں فل بنچ بنایا ہے، لاہور ہائیکورٹ میں پارٹی صدارت سے ہٹانے کی الیکشن کمیشن کی کاروائی بھی چیلنج ہے۔
درخواست میں مزید استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کا فل بنچ دونوں درخواستوں سے متعلق تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے گا، اس عدالت میں صرف 21 اکتوبر کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج کیا گیا، لاہور ہائیکورٹ میں فل بنچ بننے کے بعد درخواست واپس لینے کی استدعا کی گئی ہے، یاد رہے توشہ خانہ ریفرنس فیصلے کے خلاف درخواست پر چیف جسٹس عامر فاروق کل سماعت کریں گے۔