لندن: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز شریف یکم فروری سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کریں گی۔
لندن میں مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کے زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں مسلم لیگ ن کی جانب سے جارحانہ پالیسی اپنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کی واپسی الیکشن شیڈول جاری ہونے کے فوری بعد ہو گی جبکہ مریم نواز شریف یکم فروری سے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے شہروں میں جلسوں سے خطاب کریں گی۔
اجلاس میں مریم نواز، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، سینیٹر افنان، مشاہد اللہ اور چودھری سعود مجید شریک ہوئے، اجلاس میں مریم نواز شریف کی واپسی سمیت میاں نواز شریف کی سزاؤں کیخلاف عدالتوں میں زیر التواء معاملات میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا۔
دوران اجلاس قانونی ماہرین کی راۓ بھی لی گئی، اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ جو پہلے 7 ڈویژن میں بڑے جلسوں کا اعلان ہوا تھا اب اسے بڑھا کر ملکی سطح پر لے جایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ مریم نواز پارٹی کی سینئر لیڈر شپ سے مشاورت کے بعد جن حلقوں میں قیادت کا جانا ضروری ہوا وہاں جائیں گی۔