کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان کی متوقع گرفتاری کے پیش نظر پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی نے کارکنوں کو تیار رہنے کی ہدایت کر دی جبکہ لاہور میں پارٹی ورکرز اپنے قائد کی رہائشگاہ زمان پارک پہنچ گئے۔
علی زیدی نے کسی بھی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر تمام تنظیمی عہدیداروں، ارکان اسمبلی اور کارکنوں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
تحریک انصاف کراچی کے صدر بلال غفار اور دیگر نے انصاف ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو پورا شہر بند کر دیں گے، مخالفین اتنا ظلم کریں جتنا سہہ سکتے ہیں۔
بلال غفار کا کہنا تھا کہ ملک میں جمہوریت ہے یا بدترین آمریت، فواد چوہدری کے ساتھ ظلم کیا گیا، ایک کال پر احتجاج شروع کر دیں گے، پی ڈی ایم اور ریاستی مشینری تحریک انصاف کیخلاف متحد ہے۔
ہمت ہے تو آؤ !! ہم کھڑے ہیں کھڑے رہیں گے اپنے لیڈر کیلئے!! زمان پارک میں کارکنان جوک در جوک آرہے ہیں۔ #عمران_خان_ہماری_ریڈ_لائن pic.twitter.com/yDLiXkpxGD
— Omera Anwar (@dua_ai_ali) January 25, 2023
اس سے قبل عمران خان کی گرفتاری کے خدشہ کے باعث پی ٹی آئی کے کارکن بڑی تعداد میں زمان پارک لاہور پہنچ گئے، کارکنوں نے عمران خان کی رہائشگاہ کے دروازے کے سامنے دھرنا دے دیا۔
کارکنوں کیلئے زمان پارک میں ناشتے کا اہتمام کیا جا رہا ہے، کارکن عمران خان کی گرفتاری کیخلاف بھرپور مزاحمت کیلئے تیار ہیں، پارٹی کے سینئر رہنما بھی عمران خان کی رہائشگاہ کے اندر موجود ہیں۔
دوسری جانب پولیس نے جیل روڈ سے زمان پارک عمران خان کی رہائش گاہ کی طرف جانے والے راستے بند کر دیئے۔