ٹرانسپورٹرز کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد ، کرایے بڑھانے کا بھی اعلان

Published On 29 January,2023 03:43 pm

لاہور : (ویب ڈیسک ) مرکزی تنظیم تاجران پاکستان اور ٹرانسپورٹرز کیجانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں حالیہ اضافے کو مسترد کر تے ہوئے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافے کا بھی اعلان کردیا ۔

تفصیلات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو جہاں تاجروں اور ٹرانسپورٹرز نے مسترد کیا ہے وہیں ٹرانسپورٹ کے کرایے بڑھانے کا اعلان کرتےہوئے کہا ہے کہ اگر حکومت نے کرایوں میں اضافے میں رکاوٹ ڈالی تو ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کریں گے ۔

تنظیم تاجران پاکستان کےصدرکاشف چوہدری نے پٹرولیم مصنوعات میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میں35 روپےفی لیٹراضافہ یکسر مسترد کرتےہیں ، قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا مزید طوفان آئےگا ، مہنگائی نے عوام کیلئے ایک وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل بنا دیا ہے۔

کاشف چوہدری نے حکومت سے فوری طور پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

یہ بھی پڑھیں :پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ، ٹرانسپورٹرز نے کرایے 10 فیصد تک بڑھا دیے

علاوہ ازیں رکن سندھ اسمبلی و صدرپاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 35 ،35 روپے اضافہ کر دیا گیا ہے، تمام ٹرانسپورٹرز سے مشاورت کے بعد اپنے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کی پالیسیاں اس ملک کو بربادی کے دہانے پر لے آئی ہیں ، اب وقت آگیا ہے کہ حکومت کیخلاف سڑکوں پر نکلا جائے۔

دوسری جانب مرکزی تنظیم تاجران خیبرپختونخوا کے جنرل سیکرٹری ظاہر شاہ کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا، حکومت پیٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ واپس لے۔