حکومت نے گیس کی قیمت بڑھانے کا بھی عندیہ دیا ہے: ڈاکٹر شہزاد وسیم

Published On 30 January,2023 08:47 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا ہے کہ حکومت نے یک مشت 35 روپے پٹرول کی قیمت بڑھا دی۔

سینیٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ اسی جگہ وزیر موصوف نے گیس کی قیمتیں بڑھانے کا بھی عندیہ دیا ہے، یہ کوئی انہونی نہیں بلکہ حکومت کی نااہلی ہے۔

شہزاد وسیم کی تقریر کے دوران بہرہ مند تنگی نے لقمہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے دور میں عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمت زیادہ ہونے کے باوجود بھی ملک میں کم رکھیں۔

جس پر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ فواد چودھری کے اوپر تو کپڑا ڈال سکتے ہیں مگر اس ایوان میں ہم پر نہیں ڈال سکتے، یہ آئین کی کتاب بند کر رہے ہیں۔

اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے مزید کہا گورنر کے پی کہہ رہا ہے کہ مجھے ابھی الیکشن تاریخ دینے کا حکم نہیں آیا، اگر اس نظام کو چلنا ہے تو وہ آئین کے تحت ہی چل سکے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہاں غریب مر رہا ہے اور ادھر سونے کے تاج پہنائے جا رہے ہیں، پٹرول کی قیمت بڑھانے کے بعد کہتے ہیں کہ اب یہ زہر کا پیالہ پیتے رہنا ہوگا۔