لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الہٰی کے گھر پر چھاپے مارنے اور فیملی ممبران کو ہراساں کرنے کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔
جسٹس شہرام سرور نے چودھری پرویز الہٰی کی درخواست پر چیمبر میں سماعت کی، اس دوران عدالت عالیہ نے آئی جی پنجاب کو 3 فروری کو چودھری پرویز الہٰی اور ان کے فیملی ممبران کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
چودھری پرویز الہٰی ، حسین الہٰی، چودھری وجاہت حسین سمیت دیگر نے ہراساں کرنے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے، درخواست میں وفاقی حکومت، ایف آئی اے، نگران حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پولیس کے چھاپے، پرویز الہیٰ کا لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کا فیصلہ
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ چودھری پرویز الہٰی سابق وزیر اعلیٰ پنجاب، چودھری وجاہت حسین سیاسی جماعت مسلم لیگ کے سربراہ ہیں، نگران حکومت سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے، متعلقہ اداروں کو غیر قانونی چھاپے مارنے اور ہراساں کرنے سے روکنے کا حکم دیا جائے۔