اسلام آباد:(دنیا نیوز)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی گرفتاری پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری کل (جمعہ) سماعت کریں گے، توہین عدالت کی درخواست شیخ رشید احمد کے بھتیجے راشد شفیق کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالت نے گزشتہ روز شیخ رشید کو پولیس طلبی کا نوٹس معطل کیا، عدالتی حکم کے باوجود شیخ رشید کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا اور انہیں رات گئے گرفتار بھی کر لیا گیا۔
درخواست میں کہا گیا کہ پولیس نے سابق وزیر کو گرفتار کر کے عدالتی احکامات کی واضح خلاف ورزی کی۔