لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریاں اور مقدمات کے خلاف صدر مملکت کو خط لکھ دیا۔
عمران خان نے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریوں اور مقدمات کے خلاف مسلح افواج کے سپریم کمانڈر صدر مملکت عارف علوی کو خط لکھ دیا۔
سابق وزیر اعظم کا خط پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز کے ذریعے ایوان صدر پہنچایا گیا، صدر مملکت کو بھیجے گئے خط میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کو دی جانے والی دھمکیوں اور ان پر تشدد کا معاملہ اٹھایا گیا ہے۔
خط میں پی ٹی آئی کور کمیٹی اور پارلیمانی پارٹی کے 29 جنوری کے اجلاس میں منظور کردہ متفقہ قرارداد بھی لف کی گئی ہے اور گورنر خیبرپختونخوا کے انتخابات کے حوالے سے 27 جنوری کی گفتگو کا متن بھی بھجوایا گیا ہے۔
بھجوائے گئے خط میں صدر مملکت کو مقتدر حلقوں کا سیاست میں مبینہ کھلے کردار کا نوٹس لینے اور انسانی بنیادی حقوق کی خلاف ورزیوں کے تدارک کیلئے موثر اقدامات کی سفارش کی گئی ہے۔