اسلام آباد: (دنیا نیوز) آئی ایم ایف کی شرط کے تحت گریڈ 17 سے 22 کے سرکاری افسران کے اثاثوں کی تفصیلات جمع کروانے کیلئے رولز تیار، ایف بی آر نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اعلیٰ سرکاری افسران اور ان کے اہل خانہ کو اثاثوں کی تفصیلات جمع کروانا ہوں گی، سرکاری افسران کو اندرون ملک اور بیرون ملک تمام اثاثے ظاہر کرنا ہوں گے۔
گریڈ 17 سے 22 تک افسران کے اثاثوں کی تفصیلات متعلقہ اداروں کو بھی شیئر کی جاسکیں گی، گریڈ 17 سے 22 تک تمام افسران اور ان کے اہل خانہ کے اثاثے گوشوارے میں ظاہر کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ افسران اور ان کے اہل خانہ کے بینک اکاؤنٹس کی مکمل تفصیلات بھی جمع ہوں گی۔
بینک، سرکاری افسران اور ان کے اہل خانہ کے اکاؤنٹس کی تفصیلات ایف بی آر کو دینے کے پابند ہوں گے، بینک یہ تفصیلات سال میں دو مرتبہ فراہم کرنے کے پابند ہوں گے۔