اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کی بدترین مثال قائم کی ہے۔
یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی بربریت، ظلم وستم اور انسانی حقوق کی بدترین پامالی نے بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا بھر میں عیاں کر دیا ہے۔
صادق سنجرانی نے کہا کہ اب وقت آچکا ہے کہ انسانی حقوق کے علمبردار ممالک ، ادارے اور تنظیمیں کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے اقدامات اٹھائیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں نے اس مسئلے کے پُر امن حل کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں، مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے ملکی و بین الاقوامی سطح پر مل کر مزید اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی عوام اور ادارے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں نہ صرف معصوم نہتے کشمیریوں کی بھر پور حمایت کرتے ہیں بلکہ ان کی آزادی کے حصول تک کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے اپنے پیغام میں ڈپٹی چئیرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے کہا کہ 5 فروری کا دن کشمیریوں کی طرف سے آزادی کے حصول کیلئے دی جانے والی قربانیوں کیلئے اظہار یکجہتی کا دن ہے جسے ملک بھر میں بسنے والے تمام پاکستانی و کشمیری بھر پور جذبے سے مناتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں، ادارے اور پوری قوم یک زبان ہے، مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرادادوں کے مطابق ہی ہو گا۔