مری میں مقدمے کا معاملہ ، شیخ رشید کا لاہور ہائیکورٹ سے رجوع

Published On 06 February,2023 03:24 pm

لاہور : (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اپنے خلاف مری میں درج مقدمے کے اخراج کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

ذرائع کے مطابق شیخ رشید احمد نے وکیل سردار عبدالرازق خان کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں مقدمے کے اخراج کی درخواست دائر کی، درخواست میں آئی جی پنجاب، آر پی او، سی پی او راولپنڈی اور ایس ایچ او تھانہ مری کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ یکم اور دو فروری کی درمیانی شب ساڑھے 12 بجے 150 کے قریب پولیس اہلکاروں نے گھر پر دھاوا بولا، پولیس بغیر کسی وارنٹ کے گھر میں زبردستی داخل ہوئی اور شیخ رشید کو گرفتار کیا، پولیس اہلکاروں کی جانب سے شیخ رشید کے ملازموں پر تشدد بھی کیا گیا، پولیس نے نقدی، موبائل فون، قیمتی گھڑیاں، لائسنسی اسلحہ اور دیگر قیمتی اشیاء لوٹ لیں۔

یہ بھی پڑھیں :شیخ رشید کی درخواستِ ضمانت بعد از گرفتاری پر سماعت کل تک ملتوی

لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ پولیس کی جانب سے اپنے اہلکاروں کیخلاف ڈکیتی کا مقدمہ درج کرنے کے بجائے شیخ رشید کیخلاف ہی ایف آئی آر دے دی گئی، مری میں درج کی گئی ایف آئی آر بدنیتی پر مبنی اور پولیس کی جانب سے اختیارات کا تجاوز ہے، مری میں درج مقدمہ آئین میں درج بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی پولیس کی اڈیالہ جیل میں شیخ رشید احمد سے تفتیش

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ مری میں درج کی گئی ایف آئی آر کو غیر قانونی قرار دے کر مقدمہ خارج کرنے کا حکم دے۔
 

Advertisement