راولپنڈی: (دنیا نیوز) سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔
جیل ذرائع کے مطابق شیخ رشید احمد کا کچھ دیر بعد طبی معائنہ کیا جائے گا، میڈیکل کے بعد شیخ رشید کو اڈیالہ جیل میں دیگر قیدیوں سے الگ رکھا جائے گا۔
قبل ازیں اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سابق صدر آصف زرداری کے قتل کی سازش کے الزام سے متعلق کیس میں شیخ رشید کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا۔
دوسری جانب سیشن عدالت نے کراچی تھانہ موچکو میں درج مقدمہ میں شیخ رشید کی راہداری ریمانڈ کی درخواست بھی مسترد کر دی، سندھ پولیس نے عدالت سے سربراہ عوامی مسلم لیگ کے راہداری ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔