عدالت نے شیخ رشید کے راہداری ریمانڈ کی درخواست مسترد کردی

Published On 04 February,2023 05:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سیشن عدالت نے کراچی تھانہ موچکو میں درج مقدمہ میں شیخ رشید کی راہداری ریمانڈ کی درخواست مسترد کر دی، سندھ پولیس نے سربراہ عوامی مسلم لیگ کے راہداری ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اسلام آباد سے کراچی منتقلی روکنے کے لئے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد، شیخ رشید کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم

شیخ رشید نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ سیاسی بیان بازی کی بنا پر مزید مقدمات درج کرنے سے روکا جائے نیز آبپارہ، مری اور کراچی کے مقدمات غیر قانونی اور کالعدم قرار دیے جائیں۔

سابق وزیر داخلہ نے درخواست میں کہا تھا کہ کراچی کا مقدمہ اختیار سے تجاوز قرار دیا جائے یا اسلام آباد منتقل کیا جائے، عدالت کیس کے حتمی فیصلے تک کراچی منتقلی سے روکنے کا حکم جاری کرے، درخواست میں اسلام آباد، سندھ اور پنجاب کے آئی جیز، سیکرٹری داخلہ کو فریق بنایا گیا تھا۔

بعد ازاں جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے راہداری ریمانڈ کی درخواست خارج کر دی۔

Advertisement