اسلام آباد: (دنیا نیوز) توشہ خانہ ریفرنس کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان پر کل 7 فروری کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔
عدالتی حکم پر عمران خان کے ضمانتی مچلکے جمع کروا دئیے گئے، ایڈووکیٹ علی بخاری نے 20 ہزار کے ضمانتی مچلکے جمع کروائے، عدالت نے کل سابق وزیر اعظم کو طلب کر رکھا ہے، گزشتہ سماعت پر پیش نہ ہونے پر عمران خان کو ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا گیا تھا۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کے خلاف فوجداری کارروائی کے کیس میں 6 سماعتیں ہوئیں، 21 نومبر 2022 کو عدالت میں درخواست دائر کی گئی تھی، مقامی عدالت نے 22 نومبر کیلئے فریقین کو نوٹس جاری کیے تھے۔
22 نومبر 2022 کو ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے پہلی سماعت کی، 12 دسمبر کو عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس میں فوجداری کارروائی کا باقاعدہ آغاز ہوا، عدالت کی جانب سے 12 دسمبر کو الیکشن کمیشن کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔
15 دسمبر کو عدالت نے درخواست کو قابل سماعت قرار دیتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان کو طلبی کے نوٹس جاری کیے، نوٹس کے باوجود عمران خان 9 جنوری کو پیش نہ ہوئے، عدالت نے 9 جنوری کو طبی بنیادوں پر عمران خان کی استثنیٰ کی درخواست منظور کی تھی۔
واضح رہے الیکشن کمیشن کے 5 رکنی لارجر بینچ نے 21 اکتوبر 2022 کو توشہ خانہ نااہلی ریفرنس کا فیصلہ سنایا تھا جس کے بعد توشہ خانہ ریفرنس ٹرائل کورٹ میں الیکشن ایکٹ کے سیکشن 137، 170 ،167 کے تحت بھجوایا گیا۔