اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ کتب بینی باشعور معاشرے کا طرہ امتیاز ہوتی ہے، کتب بینی کو فروغ دینے کے لئے اسلام آباد میں بین الاقوامی معیار کی پبلک لائبریری تعمیر کی جائے گی۔
اسلام آباد میں جدید پبلک لائبریری کی تعمیر کے حوالہ سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ لائبریری کو ہر طرح کی سہولیات سے مزین اور ہم عصر علوم پر مبنی کتب سے لیس بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ قطر نیشنل لائبریری کی طرز پر جدید لائبریری تعمیر کی جائے گی، سی ڈی اے لائبریری کے لئے موزوں جگہ کا انتخاب کرے، لائبریری کو کتابوں کا قبرستان بنانے کے بجائے کمیونٹی مرکز بنانا ہے۔