پی ٹی آئی کے 4 ممبران سے پارلیمنٹ لاجز میں کمرے خالی کروا لئے گئے

Published On 04 February,2023 04:56 am

اسلام آباد : ( دنیا نیوز ) کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی ( سی ڈی اے ) کا پارلیمنٹ لاجز میں کمرے خالی کرانے کیلئے آپریشن کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا، انتظامیہ نے چار ممبران سے کمرے خالی کرا لئے جبکہ دوسرے مرحلے میں پیر کو مزید کمرے خالی کرائے جانے کا امکان ہے۔

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے ڈی نوٹیفائی ہونے والے ممبران قومی اسمبلی سے رہائش گاہیں خالی کرانے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے آپریشن کیا گیا اور اراکین کے کمروں کے تالے توڑ کر سامان باہر نکال دیا گیا جبکہ آٹھ ممبران نے رضاکارانہ طور پر کمروں کی چابیاں سی ڈی اے حوالے کر دیں۔

مجسٹریٹ سٹی غلام مرتضیٰ چانڈیو کی زیر نگرانی ضلعی انتظامیہ، سی ڈی اے اہلکار، تھانہ سیکرٹریٹ پولیس اور لیڈیز پولیس اہلکار بھی آپریشن میں شریک ہوئیں، آپریشن میں فرخ حبیب، شاید خٹک، شبیر احمد قریشی اور ظہوراحمد قریشی کے کمرے خالی کرا لیے گئے جبکہ شاندانہ گلزار اور دیگر سابق اراکین کو مہلت دیدی گئی۔

سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی ہدایت پر ڈی نوٹیفائی ہونے والے ممبران کو 24 جنوری کو نوٹسسز جاری کیے گئے، ممبران کو دی گئی سات دن کی مہلت ختم ہونے کے بعد آپریشن شروع کیا گیا، آپریشن میں انتظامیہ کو کسی قسم کی مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ 

Advertisement