اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ایف نائن پارک میں خاتون کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی کا واقعہ پیش آیا ہے۔
اسلام آباد کے سب سے بڑے تفریحی مقام پر خاتون کے ساتھ زیادتی کے معاملے کا مقدمہ تھانہ مارگلہ میں درج کرلیا گیا ہے، پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی دوست کے ساتھ پارک میں تھی جہاں دو ملزمان نے اسلحے کی نوک پر اُسے یرغمال بنایا اور اُسے جنگل کی طرف لے گئے۔
لڑکی نے پولیس کے ریکارڈ کیے گئے بیان میں کہا کہ ملزمان نے مجھے جنگل میں لے جاکر زیادتی کا نشانہ بنایا اور معاملے کو چھپانے پر زور دیا، اگر کسی کو بھی اس بارے میں بتایا تو تمہیں جان سے مار دیں گے۔
اے ایس آئی تھانہ مارگلہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پولیس ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرلے گی، وقوعہ سے متعلق سپیشل یونٹ برخلاف جنسی جرائم تفتیش کررہا ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق تفتیش کی نگرانی سی پی او آپریشنز سہیل ظفر چٹھہ کررہے ہیں، وقوعہ کے وقت پارک میں موجود لوگوں اور انتظامیہ سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے جبکہ مشکوک افراد کے ڈی این اے بھی لئے جارہے ہیں۔