وہاڑی: (دنیا نیوز) درندگی کی انتہا، 18 سالہ بس ہوسٹس کو چلتی بس میں اسلحے کے زور پر زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا، میڈیکل رپورٹ دنیا نیوز نے حاصل کر لی۔
ابتدائی میڈیکل رپورٹ کے مطابق بس ہوسٹس کے ساتھ زیادتی ثابت ہوگئی ہے، بس ڈرائیور اور گارڈ نے اسلحہ کے زور پر لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنایا، متاثرہ لڑکی کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
لڑکی کے ساتھ زیادتی کی خبر دنیا نیوز پر نشر ہونے کے بعد پولیس بھی حرکت میں آگئی، پولیس تھانہ دانیوال نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر کے بس بھی قبضہ میں لے لی۔
اس حوالے سے آر پی او ملتان نے ملزمان کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ملزم سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی، قانون کے مطابق چالان تیار کیا جائے گا اور ملزم کو عدالت سے سزا دلوائی جائے گی۔
دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے وہاڑی میں بس ہوسٹس سے زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔