اسلام آباد: (دنیا نیوز) دہشت گردی پر کل جماعتی کانفرنس کا مقام بھی تبدیل کر دیا گیا، اے پی سی وزیراعظم آفس کی بجائے 9 فروری کو صبح 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہو گی۔
ذرائع کے مطابق کل جماعتی کانفرنس کا انعقاد پارلیمنٹ ہاؤس کمیٹی روم نمبر 2 میں ہو گا، ایک اپوزیشن جماعت کے مطالبہ پر تاریخ اور مقام تبدیل کیا گیا، اجلاس کے ایجنڈا میں دہشت گردی کے مسئلہ کے حل کے علاوہ معاشی مسائل پر بات ہو گی۔
عسکری قیادت دہشت گردی کی حالیہ لہر کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دے گی جبکہ افغانستان سمیت دیگر ممالک سے معاملہ پر رابطوں کے بارے میں سیکرٹری خارجہ بریفنگ دیں گے، کانفرنس میں دہشتگردی اور درپیش چیلنجز کے مقابلے کی مشترکہ حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی سے موثر طور پر نمٹنے کے لئے نیشنل ایکشن پلان پر نظرثانی ہو گی، حکومت کی طرف سے معاشی مسائل سے نمٹنے کے لئے اکنامک روڈ میپ پیش کیا جائے گا، وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم آئی ایم ایف سے مذاکرات پر شرکا کو اعتماد میں لے گی۔
اے پی سی میں ملک کی تمام قومی و سیاسی قیادت کو مدعو کیا گیا ہے، عسکری قیادت کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔