سیلاب کی تباہ کاریوں پر اے پی سی طلب، پی ٹی آئی کو مدعو نہیں کیا گیا

Published On 28 August,2022 08:57 am

اسلام آباد (دنیا نیوز) ملک میں جاری سیلاب کی تباہ کاریوں پر وزیر اعظم شہباز شریف نے ’’آل پارٹیز کانفرنس‘‘ بلا لی ہے، پیر کو وزیر اعظم ہاؤس میں کانفرنس کا انعقاد ہوگا۔

تفصیلات کےمطابق آل پارٹیز کانفرنس وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پیر کی دوپہر 3 بجے منعقد ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کانفرنس میں تحریک انصاف کے علاوہ پی ڈی ایم، اتحادی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے، کانفرنس میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے متعلق امور پر مشاورت کی جائے گی۔

واضح رہے کہ ملک کے چاروں صوبوں بشمول گلگت بلتستان میں بارش اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے اب تک 1000 افراد جاں بحق جبکہ لاکھوں بے گھر ہوچکے ہیں، اسی طرح لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں مکمل تباہ اور کئی مکانات ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں۔
 

Advertisement