اسلام آباد (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے ماحولیات تبدیلی اور سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان سیلاب زدگان کی امداد کے بجائے اپنا پاور شو دکھانے میں مصروف ہیں، اس وقت سیاست اور الزام تراشی کی نہیں، انسانی زندگیاں بچانے کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹر شیری رحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان سیلاب زدگان کی مدد اور امداد کے بجائے اپنا’’پاور شو‘‘ دکھانے میں مصروف ہیں، پنجاب میں سیلاب متاثر علاقوں کا دورہ کرنے کے بجائے وہ صوبے میں جلسہ کر رہے ہیں،جنوبی پنجاب کا دورا منسوخ کر سکتے ہیں لیکن جلسے نہیں، حکومت سیلاب متاثرین کو بچانے میں مصروف ہے اور عمران خان اپنی سیاست کر رہے ہیں ان کو ملک سیلاب متاثرین پر رحم نہیں آتا؟ کیا انہوں نے تباہ کاریاں نہیں دیکھی؟۔
شیری رحمان نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر تحریک انصاف کے لوگ ڈونرز کوحکومت کو فنڈ نہ دینے کی تلقین کر رہے ہیں، جلسے میں پی ٹی آئی کے نمائندے اورسیز پاکستانیوں کو اپیل کر رہے کہ سیلاب زدگان کی امداد کے لئے پیسے نہ بھیجیں، ہمیں اس وقت سیاست، مخالفت اور الزام تراشی کی نہیں، انسانی زندگیاں بچانے کی ضرورت ہے، بے گھر اور بے یار و مددگار افراد کو پناہ اور خوراک اور امداد پہنچانی ہے، ہم ایک سنگین انسانی بحران سے گزر رہے، اہل وطن سے اپیل ہے یہ سیاست و تقسیم کا نہیں، اس آفت میں متحد رہنے کا وقت ہے۔
وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی نے کہا کہ بارشوں اور سیلاب سے 1 ہزار سے زائد لوگ جاں بحق ہوئے، ہزاروں زخمی اور لاکھوں کھلے آسمان تلے امداد کے منتظر ہیں، اب تک 3 کروڑ 30 لاکھ سے زائد لوگ سیلاب سے متاثر ہو چکے ہیں۔