جعفرآباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ سیلاب متاثرین کی بحالی اور ریلیف سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم میاں شہباز شریف جعفر آباد کے سیلاب متاثرہ گائوں حاجی اللہ دتہ دینو پہنچے، اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان بھی ان کے ہمراہ تھے، چیف سیکرٹری بلوچستان اور ڈی جی پی ڈی ایم اے نے وزیر اعظم کو سیلاب متاثرین کی امداد اور تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے کی گئی کوششوں پر بریفنگ دی،وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین سے ملاقات بھی کی۔
بریفنگ کے دوران وزیراعظم کو بتایا گیا کہ قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں سیلاب سے بہت نقصان ہوا،9 لاکھ ایکڑ سے زائد زرعی اراضی کو نقصان پہنچا ہے، بلوچستان میں 2 ہزار سے زائد سڑکیں سیلاب سے تباہ ہوچکی ہیں۔ سیلاب کے باعث 65 ہزار سے زائد گھر گر گئے ہیں 26اگست کو کوئٹہ مکمل طور پر بلیک آئوٹ ہوگیا تھا۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں کے دورہ کے موقع پر دوران سفر سیلاب متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا۔
جعفر آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے بلوچستان کیلئے 10 ارب روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے، وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب کی روک تھام کا کام محض باتوں اور الزامات سے نہیں ہوگا، آپ کب تک جھوٹ اور الزاما ت سے قوم کو بے وقوف بناتے رہیں گے، موجودہ سیلاب 2010 کے سیلاب سے کہیں زیادہ بدترین ہے، تمام وسائل بروئے کار لاکر متاثرین کی امداد کررہےہیں، مشکل وقت میں ساتھ دینے پر دوست ممالک کے شکرگزار ہیں۔