لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی لازوال جدوجہد سے سٹیٹس کو کی حامل قوتوں کی بنیادیں ہل گئی ہیں۔
اپنے ایک بیان میں رہنما پی ٹی آئی مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ عوام (ن) لیگ، پیپلز پارٹی کی صورت میں موجود مافیاز کی سیاست کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا اٹل فیصلہ کر چکے ہیں، امپورٹڈ ٹولے کی فسطائیت نہ رکنے کیخلاف جیل بھرو تحریک کے اعلان کو عوام میں بے حد پذیرائی ملی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معیشت کی ابتر صورت حال کی وجہ سے ملکی سلامتی داؤ پر لگ چکی ، نتیجہ خیز جدوجہد اب فرض ہو چکی ہے، عوام مریم صفدر کا ریلیف نہ دینے پانے کا فتویٰ اپنے کانوں سے سن چکے ہیں، شریف خاندان اپنے لئے ہر طرح کا جگاڑ لگا لیتا ہے، جب عوام کی باری آئے تو آئی ایم ایف بہانہ ہے۔
رہنما پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ انتخابات کے انعقاد میں التواء کیلئے انہیں اپنی مرضی کا آئین تحریر نہیں کرنے دیں گے، آئین میں واضح طور پر لکھا ہے 90 روز کے بعد ایک دن کی بھی تاخیر آئین شکنی ہوگی۔