اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 43 اراکین اسمبلی کو ایوان میں داخل نہ ہونے دینےکا فیصلہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ سپیکر قومی اسمبلی نے 24 جنوری کو تحریک انصاف کے مزید 43 ارکان کے استعفے منظور کیے تھے جس کے خلاف پی ٹی آئی کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی اور موقف اختیار کیا گیا تھا کہ استعفے منظور کرنے کے لیے قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں:سپیکر قومی اسمبلی کا پی ٹی آئی کے استعفوں سے متعلق عدالتی فیصلے پر موقف سامنے آگیا
لاہور ہائی کورٹ نے گزشتہ روز 43 ارکان قومی اسمبلی (ایم این ایز) کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا الیکشن کمیشن کا حکم معطل کرتے ہوئے 43 حلقوں میں ضمنی الیکشن بھی تاحکم ثانی روکنے کا حکم جاری کیا تھا۔
اب ذرائع قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا کہنا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ موصول نہیں ہوا، عدالت نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کیا ہے، سپیکر کا فیصلہ تاحال اپنی جگہ موجو دہے۔
ذرائع قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق اس معاملے پر قانونی ٹیم سے مشاورت کی جا رہی ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ کے سابقہ فیصلوں کی روشنی میں حکمت عملی بنائی جائے گی۔