لاہور: (دنیا نیوز) وکلا برادری نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی رول آف لا کے لیے جدوجہد کی بھرپور حمایت کا اعلان کر دیا۔
عمران خان سے وکلا رہنماؤں نے ملاقات کی، جس میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ موجودہ حکومت عام انتخابات کے انعقاد میں سنجیدہ نہیں، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں عام انتخابات کے لیے وکلاء برادری کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
عمران خان نے کہا کہ میری جنگ ملک میں آئین کی بالادستی کیلئے ہے،عام انتخابات کو التواء میں ڈالا گیا تو جیل بھرو تحریک شروع کریں گے، وکلاء میرے ہمراہ اس تحریک کا ہراول دستہ بنیں۔
یہ بھی پڑھیں: مجلس وحدت المسلمین نے عمران خان کی جیل بھرو تحریک کی حمایت کا اعلان کر دیا
ملاقات میں ساہیوال ڈویژن سے تعلق رکھنے والے وکلاء کے نمائندے شریک ہوئے، انصاف لائرز فورم عارف والا کے صدر مراد بھٹی، سیکرٹری جنرل اعجاز بھٹی، صدر انصاف لائرز فورم پاکپتن احمد وٹو، جنرل سیکرٹری اوکاڑہ جنید کھچی سمیت دیگر وکلاء نمائندے بھی ملاقات میں موجود تھے۔
وکلا برادری نے کہا کہ عمران خان کی رول آف لا کے لیے جدوجہد کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہیں، ایسا تومارشل لا دورمیں بھی نہیں ہوا تھا، اگر حکومت نے اپنا رویہ ترک نہ کیا تو وکلا جیل بھرو تحریک کا حصہ بننے سے گریز نہیں کریں گے۔
وکلا برادری کا کہنا تھا کہ آئین کےتحت ایک دن بھی اگرالیکشن میں تاخیرہوئی تو وکلا برادری باہر نکلے گی، 90 دن کی خلاف ورزی کرنے والوں پر آرٹیکل 6 لاگو ہو گا۔
وکلا نے کہا کہ ملک وجمہوریت، انسانی حقوق کو بچانے کے لیے چیف جسٹس ازخود نوٹس لیں، اگرعدالتیں اپنا کردار ادا کریں گی تو ملک بچے گا۔