لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم میدان چھوڑ کر نہ بھاگے، اپریل کے مہینے میں پورے ملک میں الیکشن کروائے جائیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی حماد اظہر نے کہا کہ 90 روز میں الیکشن ہونا ضروری ہیں، ہمیں کسی سیاسی لیڈر کا خوف نہیں، پی ٹی آئی تمام اسمبلیوں کے انتخابات میں حصہ لے گی، تحریک انصاف کے 33 لوگ میدان میں اترنے کیلئے تیار ہیں، ہم سیاسی لوگ ہیں، لندن نہیں بھاگیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے، ہم نے اس لئے استعفے دیے کہ معاشی اور سیاسی بحران کو ختم کیا جائے، میدان چھوڑ کر نہ بھاگیں، اپریل میں سارے الیکشن کروائیں، کل لاہور ہائیکورٹ میں انتخابات کی تاریخ لینے کیلئے ہمارا کیس لگ رہا ہے، ہمیں امید ہے آئین کے وعدے پر انحراف نہیں کیا جائے گا۔
حماد اظہر کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے لوگوں کی گرفتاریاں کی گئیں اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے، ہمارے قائد کا جسم گولیوں سے چھلنی کیا گیا، ہم اس جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹے اور نہ ہٹیں گے۔