لاہور : ( دنیا نیوز ) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے پیش نظر پی ٹی آئی کارکنان کی بڑی تعداد زمان پارک پہنچ گئی جبکہ سابق وفاقی وزیر حماد اظہر، سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ اور ظہیر عباس کھوکھر بھی زمان پارک میں موجود ہیں ، ڈنڈا بردار فورس اور ٹائیگر فورس فرنٹ پر تعینات کر دی گئی ہے۔
حماد اظہر نے دعویٰ کیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کے حوالے سے ہمیں حکومت کی جانب سے آج شرارت کی اطلاع ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے ہزاروں کارکنان یہاں موجود ہیں، عمران خان مقابلے کے ماہر ہیں، ارشد شریف اور دیگر کی قربانیاں رنگ لائیں گی۔
دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں پی ٹی آئی رہنماء مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ اطلاعات ہیں کہ آج رات زمان پارک میں غیر قانونی ریڈ کر کے چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ہم اپنے چیئرمین کی حفاظت کے لیے کارکنان کے ہمراہ زمان پارک موجود ہیں اور اپنے لیڈر کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
اطلاعات ہیں کہ آج رات زمان پارک میں غیر قانونی ریڈ کر کے چئیرمین کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جائے گی. ہم اپنے چئیرمین کی حفاظت کے لیے کارکنان کے ہمراہ زمان پارک موجود ہیں اور اپنے لیڈر کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے. pic.twitter.com/vndKX3rKbe
— Jamshed Iqbal Cheema (@Jamshediqbalch) February 7, 2023