اسلام آباد: (دنیا نیوز) رہنما پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم نے ہمیشہ مثبت رویہ اپنایا ہے، ہمارے خلاف انتقامی کارروائیاں ہو رہی ہیں، اس وقت ملک کے تقاضے اور ہیں، حکومت کے مفادات اور ہیں۔
اپنے ایک بیان میں رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 26 مئی کو مجھ پر 6 ایف آئی آرز کاٹی گئیں، یہ ساری ایف آئی آرز سیاسی کارروائی ہے، کہا گیا ہے کہ میں نے لوگوں کو مشتعل کرنے، ان کو اکسانے کی کوشش کی ہے، جنہوں نے یہ الزام لگایا وہ میری کوئی تقریر پیش کر دیں۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ پی ٹی آئی پاکستان کے مفادات کو ترجیح دیتی ہے، ہم نے 2022ء میں دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے پالیسی دی، ہمارے دور میں دہشتگردی میں کمی آئی، ہم نے آرمی پبلک سکول پر حملے پر اپنا دھرنا ختم کیا، سانحہ اے پی ایس پر ہم نے اے پی سی میں شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ ہم قانون کا احترام کرنے والے ہیں، پی ٹی آئی آئین کی حکمرانی کی آواز بلند کر رہی ہے، گزشتہ 8 ماہ سے کیسز لٹک رہے ہیں، آئینی، قانونی اور سیاسی جنگ جاری ہے، اے پی سی معاملے پر ہمیں حکومت کی سنجیدگی پر تعجب ہو رہا ہے۔