پاکستانی ناظم الامور کی افغانستان واپسی کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا، دفتر خارجہ

Published On 09 February,2023 12:33 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ افغانستان میں پاکستانی سفارت خانے پر حملے میں زخمی ناظم الامور عبید اللہ نظامانی واپس نہیں جاسکے، افغان حکام کے ساتھ پاکستانی سفارت خانے کی سکیورٹی کے معاملے پر بات چیت جاری ہے، ناظم الامور کی واپسی کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری فرانس کے دورے پر ہیں جہاں وہ فرانسیسی ہم منصب سے ملاقات کریں گے، سیکرٹری خارجہ اسد مجید خان سپین کے دورے پر ہیں، اسد مجید سپین کے بعد فرانس جائیں گے جہاں وہ دو طرفہ تعاون کے معاہدے پر دستخط کریں گے۔

دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر نے گزشتہ ہفتے سری لنکا کی دعوت پر دورہ کیا، حنا ربانی کھر نے کولمبو میں سری لنکا کے صدر، وزیراعظم، وزیر خارجہ سمیت دیگر حکام سے ملاقات کی۔

بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ بھارت میں مسلمانوں کو خوفزدہ کرنے کیلئے ان کی املاک کو گرایا جا رہا ہے، سری نگر میں انتہا پسندوں نے حریت رہنماؤں کے دفتر پر حملہ کیا، پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ ترکیہ میں ہونے والے زلزلے سے تباہی پر پاکستان نے افسوس کا اظہار کیا، پاکستان ترکی اور شام کے زلزلہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کرے گا، پاکستان کی ریسکیو ٹیمیں ترکیہ میں ریلیف آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں، وزیر اعظم کے دورہ ترکیہ کے حوالے سے تجویز زیر غور ہے، تاحال حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا۔

ترجمان نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں وزیر خارجہ کی شرکت بارے فیصلہ ہوتے ہی آگاہ کیا جائے گا۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان، افغانستان اور ایران کے ساتھ سکیورٹی سمیت اہم امور پر بات چیت کررہا ہے، افغانستان اور ایران کے ساتھ ہونے والی بات چیت کی تمام تفصیلات نہیں بتائی جاسکتیں۔