اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان قائم مقام افغان حکومت سے دہشت گردی کے چیلنج کے حل کے لیے نیک نیتی پر مبنی تعاون کا خواہاں ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم نے افغان قائم قام وزیر خارجہ کا بیان دیکھا ہے، امید کرتے ہیں کہ کابل بین الاقوامی برادری سے اس حوالے سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرے گا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہم بے گناہ جانوں کے ضیاع کو بڑی سنجیدگی سے لے رہے ہیں، اپنے پڑوسی سے امید کرتے ہیں کہ وہ بھی ایسا ہی کرے گا، دہشت گردی پاکستان و افغانستان کو درپیش ایک مشترکہ خطرہ ہے، ہمیں بے گناہ افراد و قانون نافذ کرنے والے اداروں کیخلاف دہشتگردی کرنے والے عناصر کے بارے سخت موقف اپنانا ہو گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ہم نے ہر شہری کے تحفظ کو یقنیی بنانے کے لیے دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کا عزم کر رکھا ہے، ہم الزامات اور انگلیاں اٹھانے پر یقین نہیں رکھتے، تاہم ہم اس توقع کا اعادہ کرتے ہیں کہ کوئی ملک پاکستان کیخلاف دہشت گردی کے لیےاپنی سرزمین استعمال نہیں ہونے دے گا۔
دفتر خارجہ ترجمان نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ دنیا اور پاکستان کے ساتھ کیے وعدوں کو نیک نیتی سے ٹھوس اقدامات کے زریعے پورا کیا جائے۔