پاکستان کی سویڈن اور ہالینڈ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی شدید مذمت

Published On 26 January,2023 12:40 pm

اسلام آباد : (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان سویڈن اور ہالینڈ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی بھرپور مذمت کرتا ہے، ایسی حرکتیں اسلاموفوبیا ذہنیت کی عکاس ہیں ۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفننگ میں بتایا کہ سویڈن اور ہالینڈ میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر پاکستان اور او آئی سی نے بھرپور انداز میں مذمت کی ہے ، پاکستان او آئی سی اور اسلامی ممالک سے رابطے میں ہے ، قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے پر پاکستان نے ہالینڈ اور سویڈن کو اپنی تشویش سے آگاہ کردیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے ، معصوم کشمیریوں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں، مقبوضہ کشمیر میں جنوری 1990ء میں درجنوں بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا گیا، پاکستان تمام کشمیری شہداء کو سلام پیش کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتا ہے اور ہمیشہ اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے چین کے حوالےسے بات کرتے ہوئے کہا کہ عبدالرحمان مکی کے معاملے پر پاکستان اور چین کے مابین کوئی اختلاف نہیں، پاکستان اور چین کے درمیان مثالی تعلقات ہیں۔

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کے دورے پربات کرتے ہوئے تر جمان دفتر خارجہ نےبتایا کہ بلاول بھٹو زرداری نے ازبکستان میں ای سی او کانفرنس میں شرکت کی، جس میں تجارتی و علاقائی رابطوں کے فروغ اور موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے بات چیت ہوئی،  اس دواران باکو میں چارٹر آف ریسرچ سینٹر کے قیام پر بھی اتفاق کیا گیا جبکہ وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے ایران ،ازبکستان ،ترکیہ سمیت خطے کے ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بریفنگ میں بتایا کہ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن میں بھارتی شہری کے ساتھ مبینہ ہراسگی کے معاملے پر پاکستانی ہائی کمیشن میں  معاملے کی تحقیقات کے بعد آگاہ کیا جائے گا، پاکستانی سفارت خانوں میں تمام سائلین کے ساتھ بہت پیشہ ورانہ رویہ اپنایا جاتا ہے ۔