تاشقند: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اقتصادی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لئے ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند پہنچ گئے جہاں انہوں نے ازبکستان کے قائم مقام وزیر خارجہ سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، اس موقع پر دونوں ممالک کے رہنماؤں نے تجارت اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
The two FMs agreed to further enhance mutually beneficial cooperation in all fields with special focus on trade, energy and regional connectivity.@uzbekmfa @PakinUzbekistan pic.twitter.com/pCJkQkXEYL
— (@ForeignOfficePk) January 23, 2023
واضح رہے کہ وزیر خارجہ (ای سی او) کی 26 ویں وزارتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں جو ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں ہو رہا ہے، کانفرنس کا تھیم ”رابطے کو مضبوط بنانے کا سال“ ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری وزارتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کریں گے، اس موقع پر رکن ممالک کے وزراءاور دیگر مندوبین سے دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔
کونسل آف منسٹرز اقتصادی تعاون تنظیم کا پالیسی ساز فورم ہے جو تنظیم کے فیصلوں اور سالانہ ورک پلان کی منظوری دیتا ہے، یہ امر قابل ذکر ہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم کا 25 واں وزارتی کونسل اجلاس نومبر 2021 میں اشک آباد ترکمانستان میں منعقد ہوا تھا۔
پاکستان ایک بانی رکن کے طور پر اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے لیے پرعزم ہے جس کا مقصد مواصلات، تجارت، ثقافت اور رابطوں پر خصوصی توجہ کے ساتھ موثر علاقائی تعاون کو فروغ دینا ہے۔