مری: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی مقامی عدالت نے مری پولیس کی 3 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کو 14 روز کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
سابق صدر آصف زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کا الزام لگانے کے کیس میں گرفتار شیخ رشید کیخلاف تھانہ مری میں مقدمہ درج تھا، گزشتہ روز عدالت نے ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر مری پولیس کے حوالے کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کی درخواست ضمانت مسترد
مری پولیس نے شیخ رشید کو سول کورٹ میں پیش کیا اور 3 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی، مری پولیس کی جانب سے استدعا کی گئی تھی کہ شیخ رشید سے مقدمے سے متعلق تفتیش کرنی ہے اور کچھ ریکوریز کرنی ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ شیخ رشید کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا جائے، عدالت نے مری پولیس کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے شیخ رشید کو 14 دن کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
شیخ رشید
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ساری زندگی جیل میں گزار سکتا ہوں مگر اتحایوں سے بے وفائی نہیں کر سکتا۔
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مخالفین چاہتے ہیں کہ پیٹریاٹ پارٹی کی سربراہی کروں مگر بے وفائی نہیں کروں گا۔
شیخ رشید نے کہا ہے کہ خان صاحب کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ یہ صوبائی الیکشن نہیں کرانے جا رہے، یہ قومی اور صوبائی الیکشن اکٹھے کرائیں گے، میں ضمنی انتخاب میں قلم دوات پر این اے 62 سے الیکشن لڑوں گا۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ میرے خلاف کوئی کیس نہیں، کیس کے پیچھے فیس ہے، میرے گھر میں ڈکیتی کی گئی، سامان لوٹا گیا۔