راولپنڈی: (دنیا نیوز) سی ٹی ڈی اور حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کر کے جڑواں شہروں میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔
کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 2 انتہائی مطلوب دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا گیا، دہشتگردوں کا تعلق حاجی فقیر گروپ سے ہے، ان کی شناخت حیات اللہ اور وکیل خان کے نام سے ہوئی۔
سی ٹی ڈی پنجاب کے مطابق دہشتگردوں نے خودکش حملہ آوروں کے ساتھ راولپنڈی پولیس لائنز کو نشانہ بنانا تھا، اس کے علاوہ تھانہ صدر بیرونی، ڈسٹرکٹ کورٹس راولپنڈی، سینٹ پال چرچ بھی ان کا ٹارگٹ تھے۔
سی ٹی ڈی پنجاب نے بتایا ہے کہ تفتیش میں گرفتار دہشتگردوں نے کانونٹ سکول راولپنڈی، پولیس لائنز اسلام آباد سمیت دیگر حساس مقامات پر تخریبی کارروائیاں کرنے کے منصوبے کا بھی اعتراف کیا ہے۔
دہشتگردوں نے تفتیش میں بتایا ہے کہ تمام مقامات کی ریکی کر کے تصاویر ٹی ٹی پی کمانڈر افغانستان کو بھجوائیں، حاجی فقیر گروپ افغانستان سے آپریٹ ہو رہا ہے، ملزمان کیخلاف مزید تفتیش جاری ہے۔