کراچی: (دنیا نیوز) پاک کالونی کے علاقے میں رینجرز موبائل کی جانب سے موٹر سائیکل سوار شہری کو ٹکر مارنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، قیاس آرائیوں کے بعد واقعہ معمہ بن گیا ہے۔
رینجرز ذرائع کے مطابق پاک کالونی میں رینجرز کی نفری نے موٹر سائیکل سوار شہری کو ناکے پر روکنے کی کوشش کی تھی، شہری کو میوہ شاہ قبرستان کے قریب مبینہ منشیات بیچنے کے شبے میں روکا جا رہا تھا۔
رینجرز نے مؤقف اپنایا ہے کہ مبینہ منشیات فروش دوران چیکنگ رینجرز اہلکار کو ٹکر مار کر بھاگ نکلا تھا، رینجرز کی گاڑی نے پیچھا کر کے ملزم کی موٹرسائیکل کو ٹکر مار کر گرا دیا۔
— Naimat Khan (@NKMalazai) February 10, 2023
رینجرز ذرائع نے مزید بتایا کہ مبینہ ملزم رینجرز کی حراست میں ہے، جس سے تفتیش کی جا رہی ہے، چند روز قبل پاک کالونی کے علاقے میں تاجر پر فائرنگ ہوئی جس کے بعد پاک کالونی پر سنیپ چیکنگ بڑھا دی گئی تھی۔
خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں 3 رینجرز اہلکاروں کو موٹرسائیکل سوار پر تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے، متاثرہ شہری رینجرز کی حراست میں ہے جبکہ رینجرز موبائل کی جانب سے شہری کو ٹکر مارنے کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی۔