کراچی: سندھ رینجرز کے زیر اہتمام منگھوپیر فٹبال گرائونڈ میں ٹورنامنٹ کا انعقاد

Published On 06 April,2022 03:42 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں سندھ رینجرزکی جانب سے بلوچ کمیونٹی کے تعاون سے منگھو پیر فٹبال گرائونڈ میں ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا، فائنل میچ میں ڈی جی رینجرز نے بطورمہمان خصوصی شرکت کی اور فاتح ٹیم میں انعامات تقسیم کیے۔

کراچی میں منگھو پیر فٹ بال گرائونڈ میں سندھ رینجرزکی جانب سے بلوچ کمیونٹی کے تعاون سے آٹھ ٹیموں کے مابین فٹ بال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا، ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں ڈی جی رینجرز نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، ترجمان رینجرز کے مطابق فٹ بال کا فائنل میچ منگھو پیر یونین اور مہران سپورٹس کے درمیان کھیلا گیا، مہران سپورٹس ٹیم نے پینلٹی شاٹس کے ذریعے فائنل میچ جیتا۔

تقریب میں مہمان خصوصی ڈی جی رینجرزسندھ افتخار حسن چوہدری کا کہنا تھا کہ ہمیں لسانی تشخص سے بالاتر ہو کر ملک وقوم کی ترقی کے لیے کردار ادا کرنا ہو گا، کراچی میں قیام امن کے لیے رینجرز اپنا کردار ادا کر رہی ہے، کراچی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

بعد ازاں فائنل میچ کے اختتام پر رنر اپ اور فاتح ٹیم کی کھلاڑیوں میں انعامات اورشیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔