عدالت کا شہباز گِل کے وکلاء کو بریت کی درخواست پر دلائل کا حکم

Published On 11 February,2023 12:51 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گِل کی بریت کی درخواست کی مخالفت کر دی ہے، عدالت نے رہنما پی ٹی آئی کے وکلاء کو بریت کی درخواست پر دلائل کا حکم دیتے ہوئے سماعت میں ایک بجے تک وقفہ کر دیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز کورٹ اسلام آباد میں اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے کیس میں پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل کے خلاف فردِ جرم عائد ہونے سے متعلق سماعت ہوئی، شہباز گِل کے وکیل اور سپیشل پراسیکیوٹر عدالت میں پیش ہوئے۔

ملزم کے وکیل نے سماعت میں وقفہ کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ شہباز گِل ایک بجے تک کچہری آئیں گے۔

جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آج شہباز گِل کی بریت کی درخواست پر بحث ہونی ہے۔

پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی ملزم شہباز گِل کی بریت کی درخواست کا مرحلہ گزر چکا، اس مرحلے پر ان کی بریت کی درخواست قابل سماعت نہیں، استغاثہ کے پاس شہباز گِل کے خلاف جرم ثابت کرنے کے لیے وافر مواد ہے۔

ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سِپرا نے سماعت میں وقفے کے بعد شہباز گِل کے وکلاء کو بریت کی درخواست پر دلائل کا حکم دیتے ہوئے سماعت میں ایک بجے تک وقفہ کر دیا۔
 

Advertisement