سوات: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کہتا ہے اگر عمران خان ایگریمنٹ پر دستخط نہیں کرتا تو قرض نہیں دیں گے۔
سوات میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان نے کہا کہ سب سے پہلے مالاکنڈ ڈویژن کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، پی ڈی ایم کو پیغام ہے کہ اگر آپ 14، 16، 18 جماعتیں بھی جمع ہو جائیں تو عمران خان کا مقابلہ مشکل ہے، ہمارے دور حکومت میں بہت مشکلات کا سامنا پڑا ہے، حکومت میں آنے کے بعد کورونا، سیلاب اور بعد میں حکومت چلی گئی۔
سابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید کہا ہے کہ سوات سے تحریک کا آغاز کر رہا ہوں، ہر ضلعی میں عوام کے پاس جائیں گے، 1969 کے بعد سب سے زیادہ ترقی اس دور حکومت میں ہوئی ہے، یہاں ہسپتال، کالجز کے حوالے سے بہت سی مشکلات تھیں لیکن زیادہ تر ختم ہو گئی ہیں، دہشت گردی کے دوران سوات کے لوگوں نے بہت قربانیاں دی ہیں۔
محمود خان نے کہا کہ پاکستان کے آزادی میں بھی پشتون نے قربانیاں دیں، سوات اور ملاکنڈ ڈویژن میں مزید دہشتگردی برداشت نہیں کریں گے، خیبرپختونخوا میں زیادہ قرضے لینے کا مقصد ترقیاتی کاموں کا جال بچھانا تھا، وفاق صوبائی حکومت کا 280 ارب روپے کا مقروض ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جعلی وزیر اعظم نے کپڑے بیچنے کا کہا تھا لیکن ان کو کہنا چاہتا ہوں کہ آپ کے کپڑے کون خریدے گا، 83 ارکان کی کابینہ بنائی ان کو شرم آنی چاہیے، ان سے درخواست ہے جلد الیکشن کا اعلان کریں، عوام الیکشن میں فیصلہ کریں گے۔