راولپنڈی: (دنیا نیوز) رہنما پاکستان تحریک انصاف عامر کیانی نے کہا ہے کہ چیئرمین نے مجھے موقع دیا کہ دوبارہ الیکشن لڑو، یہ عام الیکشن نہیں، یہ عمران خان بمقابلہ کرپشن ہے۔
راولپنڈی میں ریٹرننگ آفیسر (آر او) آفس میں کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عامر کیانی کا کہنا تھا کہ تمام ورکرز اور دوستوں کے ساتھ آیا ہوں، یہ ہماری جیتی ہوئی سیٹ ہے، ہماری جماعت میں اولاد اور مفاد کی سیاست نہیں، قوم عمران خان کے ساتھ جڑی ہوئی ہے، الیکشن ڈٹ کر لڑیں گے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمارے مد مخالف خوفزدہ ہیں، عمران خان کا کونسا ورکر ہے جو جیل نہیں جانا چاہتا، عمران خان کو گولیاں لگی ہے وہ یہیں ہے، شوکت ترین والے معاملہ کا علم نہیں ہے، اب ہمارے لیے گرفتاریاں بے معنی ہوچکی ہیں۔
راجہ بشارت
اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ آئین میں درج ہے کہ الیکشن 90 دن کے اندر کروانے ہیں، پنجاب حکومت انتخابات سے بھاگنے کی کوشش کر رہی تھی، ہم جنرل، ضمنی اور صوبائی تمام انتخابات کیلئے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چن چن کر تحریک انصاف مخالف لوگ تعینات کئے جا رہے ہیں، ان تعیناتیوں کے خلاف بھی ہم نے عدالت سے رجوع کیا ہے، قائم مقام حکومت کے پاس صرف اور صرف الیکشن کروانے کا مینڈیٹ ہے۔