کچھ ادارے آڈیوز، ویڈیوز بنا کر لوگوں کی نجی زندگی میں مداخلت کر رہے ہیں، جمشید اقبال چیمہ

Published On 11 February,2023 07:12 pm

لیہ: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ کچھ ادارے آڈیوز، ویڈیوز بنا کر لوگوں کی نجی زندگی میں مداخلت کر رہے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران سابق معاون خصوصی وزیر اعظم نے اداروں اور موجودہ حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک جرنیل نے سارا ملک اجاڑ دیا، حکومت گرانے کا اعتراف کیا، کوئی جرنیل کی انکوائری کو تیار نہیں، کوئی شرمندہ نہیں، کسی نے معذرت نہیں کی۔

جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ کچھ ادارے آڈیوز، ویڈیوز بنا کر لوگوں کی نجی زندگی میں مداخلت کر رہے ہیں، اداروں کی ذمہ داری مسائل حل کرنا ہے، آڈیوز، ویڈیوز مسائل نہیں، ملک میں پانی، کھاد، آٹا نہیں کسی کے ماتھے پر پسینہ نہیں آیا، عمران خان کی ویڈیو، عمران خان کی بیٹی، ہر وقت یہی راگ الاپا جاتا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سب کی بیٹیاں ہیں، مسائل پر بات کی جائے لوگوں کی زندگیوں میں نہ جھانکا جائے، نہ آپ اتنے دلیر ہیں نہ ہم بزدل ہیں کہ آپ ہماری بہو، بیٹیوں کے خلاف غلط بات کریں، جس سکے میں تجارت کریں گے اسی میں بات ہو گی۔

جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ کوئی احمق یہ نہ سمجھے کہ ہمیں ڈرا لے گا، جیل میں لے جائے گا اور ہم چپ کر جائیں گے، سول سپر میسی جمہوریت کی بات ہے، جن لوگوں کے ذمے ہماری حفاظت ہے وہ ہمارے بیڈ رومز میں جھانکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ چوروں کی بجائے عوام کے ساتھ کھڑے ہوں، گند کا ٹوکرا قبول کرنے پر مجبور نہ کریں، شہباز شریف، بلاول بھٹو زرداری کو ڈنڈے کے زور پر ہم کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔