پشاور: (دنیا نیوز) وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ عمران خان نے مرکز میں اپنے 4 سالہ اور کے پی میں 10 سالہ دور میں ناقص پالیسیوں اور بدعنوانی کی وجہ سے امن اور معیشت تباہ کر دی ہے۔
سوات میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ مسلم لیگ نواز عملی کام پر یقین رکھتی ہے اور کے پی سمیت ملک بھر میں امن بحال کر کے پاکستان کو مشکل معاشی صورتحال سے نکالے گی، نواز شریف عوام کے دلوں میں بستے ہیں اور منفی ہتھکنڈوں سے تحریک انصاف ان کا نام عوام کے دل و دماغ سے نہیں مٹا سکتی۔
امیر مقام نے مزید کہا کہ نواز شریف کی حکومت نے دہشت گردی کا خاتمہ کر کے خیبرپختونخوا سمیت ملک میں امن قائم کیا اور سوات سمیت مالاکنڈ ڈویژن کے لاکھوں بے گھر افراد کو عزت کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں میں آباد کیا، عمران خان اپنے لمبے لمبے وعدوں کے باوجود لوگوں کو 10 ملین نوکریاں اور 50 لاکھ گھر فراہم کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ نواز شریف حکومت کی جانب سے سوات کے عوام کیلئے شروع کیے گئے بجلی، گیس اور انفراسٹرکچر سمیت تمام میگا ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کو سابق پی ٹی آئی حکومت نے بند کر دیا، ان زیر التوا منصوبوں کو مسلم لیگ نواز کی حکومت مکمل کرے گی، سوات کے لوگ جانتے ہیں کہ کالام بحرین، سوات ایکسپریس وے اور سوات کیلئے دیگر منصوبوں کی منظوری نواز شریف کے دور حکومت میں ہوئی تھی اور پی ٹی آئی نے محض اپنے سائن بورڈ لگا کر عوام کو دھوکہ دیا۔
امیر مقام نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سابق حکومت گزشتہ 5 سالوں میں کے پی میں کوئی بھی میگا پروجیکٹ شروع کرنے میں ناکام رہی ہے، ہسپتال کا نام بدل کر نواز شریف کڈنی ہسپتال سوات رکھا جائے گا، توشہ خانہ اور پی ٹی آئی کی غیر ملکی فنڈنگ کیسز میں عمران خان کو اس کی بدعنوانی کیلئے جوابدہ ٹھہرایا جائے گا، عمران خان نے توشہ خانہ سے گھڑی چوری کر کے ملک کا امیج خراب کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی اکثریت سابق قانون سازوں، مشیروں اور وزرا نے کرپشن کر کے اربوں روپے لوٹے جبکہ اربوں درختوں کا منصوبہ نیب نے اپنے قبضے میں لیا جس نے عمران خان کی کرپشن کو بے نقاب کیا، حکومت کے پاس عمران حکومت کے معطل شدہ آئی ایم ایف معاہدے پر دوبارہ مذاکرات کے علاوہ کوئی آپشن نہیں بچا تھا، مریم نواز کو عہدے پر فائز کر کے پارٹی کارکنوں میں ایک نئی روح پھونک دی گئی ہے۔